پاک فوج نے افغان فوجی افغانستان کے حوالے کر دئیے

پاک فوج نے افغان فوجی افغانستان کے حوالے کر دئیے
راولپنڈی ( ویب ڈیسک ) پاک فوج کی طرف سے افغان نیشنل آرمی کے 5 افسروں سمیت 46 افغان فوجیوں کو افغان حکومت کےحوالے کر دیا گیا،افغان فوجیوں کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 12 بج کر 35 منٹ پر نوا پاس باجوڑ کے مقام پر افغان حکم کے حوالے کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افغان بین الاقوامی سرحد کے اروندو سیکٹر میں 25 جولائی کو افغان فوجیوں کی درخواست پر انہیں پاک فوج نے محفوظ راستہ فراہم کیا تھا ،افغان فوجی اپنے اسلحے،گولہ بارود اور مواصلاتی آلات کے ساتھ پاکستان میں داخل ہوئے۔ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کی جانیوالی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ فوجیوں کو ان کی درخواست پر اسلحے اور آلات سمیت افغان حکام کے حوالے کر دیا گیا ،پاکستان افغان بھائیوں کو ضرورت کی گھڑی میں ہر ممکن تعاون فراہم کرتا رہے گا۔ یاد رہے کہ افغان نیشنل آرمی کیلئے ممکن نہ رہا کہ وہ اپنی چوکیوں پر قبضہ برقرار رکھ سکیں، وہ بھوک سے نڈھال اور تھکن سے چور تھے ، 5 افسروں سمیت فوجیوں اور بارڈر پولیس کے 46 جوانوں نے پاک فوج سے پناہ کی درخواست کی تو امن و بھائی چارہ کی تاریخی مثال قائم کرتے ہوئے عسکری روایات کے مطابق کھانا،پناہ اور ضروری طبی امداد فراہم کی گئی۔ اس سے قبل بھی اس سے قبل یکم جولائی کو بھی 35 افغان فوجیوں نے پاکستان سے پناہ اور محفوظ راستے کی درخواست کی تھی،ان افغان فوجیوں کو ضروری کارروائی کے بعد محفوظ راستہ دیتے ہوئے افغان حکومت کے حوالے کیا گیا تھا۔

Watch Live Public News