این ایل سی کی جانب سے کوہ پیمائی کی سرپرستی

این ایل سی کی جانب سے کوہ پیمائی کی سرپرستی

 ویب ڈیسک: نیشنل لاجسٹک کارپوریشن ( این ایل سی) کی جانب سے کوہ پیمائی کی سرپرستی کی جارہی ہے۔

دنیا کی 8000 میٹر سے بلند 14 چوٹیوں میں سے 5 پاکستان میں واقع ہیں، وسائل کی کمی کی وجہ سے بہت کم پاکستانی کوہ پیمائی میں حصہ لیتے ہیں۔

قومی ذمہ داریوں کے ساتھ این ایل سی نے کوہ پیمائی جیسی مہم جوئی کی سرپرستی کا آغاز کر دیا ہے، مہم جوئی کی حوصلہ افزائی کے سلسلے میں این ایل سی نے خواتین کی پہلی ٹیم کو معاونت فراہم کی ہے۔

خواتین کی ٹیم دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرے گی، ٹیم لاہور اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی خواتین پر مشتمل ہے، خواتین کی ٹیم کے ٹو پر قومی پرچم لہرائے گی۔

خواتین ٹیم کے اعزاز میں اسکردو میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، این ایل سی کی جانب سے ٹیم کو پچاس لاکھ روپے کا چیک پیش کیا گیا۔ ٹیم کی معاونت این ایل سی کا خواتین کوبرابری کے مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اظہار ہے۔

اس سے پہلے این ایل سی نے گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما عابد بیگ کو ضروری وسائل فراہم کیے ہیں، عابد بیگ دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت کو سر کرے گا۔

عابد بیگ کے ساتھ اسٹونیا اور تائیوان کے کوہ پیما بھی اس ٹیم کا حصہ ہیں، یہ ٹیم نانگا پربت کو سر کرنے میں مصروف عمل ہے، یہ مہمات این ایل سی کی جانب سے قومی سطح پر کوہ پیمائی کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

Watch Live Public News