فضل الرحمان کاعوامی اسمبلی کےنام سےتحریک چلانے کا اعلان

کیپشن: فضل الرحمان کاعوامی اسمبلی کےنام سےتحریک چلانے کا اعلان

ویب ڈیسک:جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے عوامی اسمبلی کے نام سے تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 25 اپریل کو بلوچستان سے تحریک کا آغاز کریں گے۔ جے یو آئی ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان بھی کر رہی ہے، ہمارا کوئی امیدوار ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لےگا۔

تفصیلا ت کے مطابق ویڈیو بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو قابل بنانا ہےکہ وہ ووٹ کوتحفظ دےسکیں، بلوچستان سے شروع کی جانے والی تحریک کے اجتماعات کوعوامی اسمبلی کا نام دیتے ہیں، 25 اپریل کو پشین میں بڑا جلسہ کیا جائے گا، بلوچستان بھر سے عوام شریک ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ جے یو آئی نے 8 فروری کے انتخابات کے نتائج کو مسترد کیا ہے، 2024 کے انتخابات میں عوام کے حق رائے دہی پر شب خون مارا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ عوام کی نمائندہ کم اور اسٹیبلشمنٹ کی زیادہ ہے، عوام کی طرف جانا ہوگا، انہیں اعتماد میں لینا ہوگا، عوام کو ووٹ کے حق کیلئے متحد کرنا ہوگا۔

فضل الرحمان نے کہا کہ 2 مئی کو کراچی میں عوامی اسمبلی کا انعقاد ہوگا، سندھ بھر سے عوام شریک ہوں گےاور 9 مئی کو پشاورمیں عوامی اسمبلی منعقد ہوگی، پشاور جلسے کے بعد لاہورکیلئے تاریخ کا تعین کریں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی رابطہ کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن بےبس ہے، نتیجہ مرتب کرنے کی اجازت نہیں۔

Watch Live Public News