ملائیشیا: اللہ کے نام والی جرابیں بیچنے پرسٹور مالک کیخلاف مقدمہ درج

ملائیشیا: اللہ کے نام والی جرابیں بیچنے پرسٹور مالک کیخلاف مقدمہ درج
کیپشن: Malaysia: A case has been registered against the store owner for selling socks with the name of Allah

ویب ڈیسک: ملائیشیا میں ایک مشہور ڈپارٹمنٹل سٹور کی چین کے شریک بانی کے خلاف ’اللہ‘ کے نام والی جُرابیں بیچنے کے الزام پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چائی کی کین اور کمپنی میں بطور ڈائریکٹر کام کرنے والی ان کی اہلیہ لوہ سیو مؤئی پر ’لوگوں کے مذہبی احساسات مجروح‘ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ تاہم سٹور کے مالک نے صحتِ جُرم سے انکار کیا ہے۔

اگر ان پر یہ جُرم ثابت ہوجاتا ہے تو انہیں ایک سال تک قید کی سزا سُنائی جا سکتی ہے۔ ان جُرابوں پر تنازع تقریباً دو ہفتوں قبل شروع ہوا تھا اور لوگوں نے چائی کی کین کے ڈپارٹمنٹل سٹورز کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل بھی کی تھی۔

’کے کے سُپر مارٹ‘ اور ان کے ملیشین سپلائر زن جیان چانگ نے اس معاملے پر معافی مانگ لی ہے اور ان جُرابوں کو مارکیٹ سے ہٹا لیا ہے۔

لیکن اس کے باوجود یہ تنازع اب بھی جاری ہے کیونکہ ان جُرابوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی تھیں جس کے بعد ملائیشیا کے بادشاہ اور سیاستدانوں کی جانب سے بھی شدید تنقید سامنے آئی تھی۔

کمپنی کی جانب سے اپنے سپلائر ’زن جیان چانگ‘ کے خلاف ایک مقدمہ بھی درج کروایا گیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ان جُرابوں کی فروخت سے نہ صرف انہیں مالی نقصان ہوا ہے بلکہ اُن کی ساکھ بھی متاثر ہوئی ہے۔

منگل کو ’زن جیان چانگ‘ کے دو ڈائریکٹرز کے خلاف بھی ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ’زن جیان چانگ‘ کی جانب سے ایک چینی کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کرنے پر غور کیا جا رہا ہے جس کی جانب سے یہ جُرابیں بھیجی گئی تھیں۔