کابل ( ویب ڈیسک ) افغانستان میں صورتحال بہت غیر یقینی صورتحال کر رہی ہے جب طالبان کی طرف سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے کابل ایئر پورٹ کے تین اہم مقامات کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے جبکہ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ سب جھوٹ ہے اور تاحال کابل ایئر پورٹ کا کنٹرول امریکی فوج کے پاس ہے۔ پینٹا گون کے ترجمان جان کربی نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ طالبان کی طرف سے کابل ایئر پورٹ پر آپریشنز سنبھالنے کے دعوؤں میں کوئی حقیقت نہیں ہے اور نہ ہی کسی گیٹ کی سکیورٹی ان کے پاس ہے، کابل ائیر پورٹ پر تمام کنٹرول امریکی فوج کے پاس ہی ہے جبکہ اس وقت بھی ہزاروں افغا نی کابل ایئر پورٹ پر انخلا کی امید پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ دوسری طرف طالبان کی طرف سے یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ کابل ایئر پورٹ پر حملے کے بعد طالبان نے تین اہم مقامات پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور یہ تینوں اہم مقامات ائیر پورٹ کے آپریشنز میں اہم مقام رکھتے ہیں۔