افغان مسئلے کے پائیدار حل کی ’کنجی‘ پاکستان ہے

افغان مسئلے کے پائیدار حل کی ’کنجی‘ پاکستان ہے

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی قانون ساز لنڈسے گراہم نے کہا ہے کہ پاکستان کا کردار افغانستان میں کسی بھی پائیدار حل کے لیے ضروری ہے۔

ایک بیان میں امریکی سینیٹر نے کہا کہ پاکستان کو افغانستان کے تنازعے کے پائیدار حل کا حصہ بننا چاہیے۔

ان کا یہ تبصرہ امریکہ میں پاکستان کے سفیر اسد مجید خان کے ساتھ خطے کے بارے میں بات چیت کے بعد سامنے آیا۔ امریکی سینیٹر نے ٹویٹر پر لکھا افغانستان کے کسی بھی پائیدار حل میں پاکستان شامل ہونا چاہیے ، انہوں نے خطے کو انتہائی پیچیدہ اور موجودہ دور کو خطرناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے۔لنڈسے گراہم نے ٹویٹر پر لکھا امریکی شہریوں، ہمارے اتحادیوں اور دیگر ممالک کے انخلا میں مدد کے لیے پاکستانی حکومت کی کوششوں کی بہت تعریف کرتے ہیں۔

امریکی سینیٹر کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ انہوں نے سینیٹر گراہم سے افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر بات کی ہے اور انہیں افغانستان سے انخلاء میں معاونت کے لیے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ کچھ دن پہلے امریکہ نے پاکستان اور نصف درجن دیگر ممالک سے رابطہ کیا تھا، جن کے بارے میں خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ افغانستان کی صورتحال پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔