لاہور ( پبلک نیوز) اولڈ راوینز اور ان کے اہل خانہ کے لیے سی ایس ایس اور پی ایم ایس امتحانات کی تیاری کے لیے سکالرشپ کا اعلان، اولڈ راوین یونین اور الامین اکیڈمی کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے کی تقریب میں وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی پروفیسر اصغر زیدی، صدر اولڈراوین یونین جہانزیب نزیر خان، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز الامین اکیڈمی معروف صحافی سہیل وڑائچ، طیب حسین رضوی،ڈاکٹر تنویر حسین بھٹی ،جہانگیر اقبال میو،ڈاکٹر فرحی امین،سید طاہر رضا بخاری ڈی اوقاف پنجاب،عطاالرحمن مرزا،اطہر عبدالقادر حسن،قیصر شہزاد اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔ معاہدے پر سیکرٹری جنرل اولڈراوین یونین ڈاکٹر عبدالباسط اور سی ای او الامین اکیڈمی پیرمحمد ضیاالحق نقشبندی نے دستخط کیے۔ سہیل وڑائچ نے اولڈراوین یونین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی واحد ادارہ ہے جس کے سابق طلبہ و طالبات اپنے ادارے سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ جہانزیب نزیر خان نے کہا کہ یونین کے پلیٹ فارم سے اولڈراوینز کی فلاح وبہبود کے لیے جو وعدے کیے تھے وہ سب پورے کریں گے۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے طلباوطالبات کی بہترین تعلیم وتربیت کے لیے سیمینارز کا انعقاد بھی معاہدے میں شامل ہے۔ پروفیسر اصغر زیدی نے اس موقع پر یونین عہدیداران اور الامین اکیڈمی کو مبارکباد پیش کی۔ ڈاکٹر عبدالباسط اور پیر محمد ضیاء الحق نقشبندی نے مشترکہ بیان میں کہا کہ خدمت کا سفر جاری رہے گا اور مستحق طلباوطالبات کو سکالرشپس دینے کے لیے دونوں ادارے باہمی تعاون سے بھرپور مددکریں گے۔