اسلام آباد: صدر متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) شیخ محمد بن زیدالنہیان نے پاکستان کے لئے 3 ہزار ٹن امدادی سامان فوری روانگی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ( یو اے ای) کی طرف سے امدادی سامان سیلاب متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا ۔ گذشتہ روز شیخ محمد بن زید النہیان نے وزیراعظم سے سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان اور تباہی کے حوالے سے اظہار تعزیت کی اور پاکستان کی بھرپور معاونت کے عزم کا اعادہ کیا تھا ۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مون سون کی غیر معمولی بارشوں سے ہونے والی ملک گیر تباہی کے بارے میں متحدہ عرب امارات کے صدر کو آگاہ کیا ، وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متحدہ عرب امارات کی ہلال احمر اور خلیفہ بن زید فائونڈیشن کے جاری امدادی کاموں کا بھی اعتراف کیا ۔