لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون میں مبتلا پہلے مریض کی تصدیق ہو گئی ہے۔ مریض کے نمونے حاصل کرکے اسے قومی ادارہ صحت کی لیبارٹری میں بھجوایا گیا تھا جہاں سے ٹیسٹوں کے ذریعے تصدیق کی گئی کہ لاہور کے علاقے گلبرگ کا رہائشی 23 سالہ یہ نوجوان اومیکرون کی لپیٹ میں آ چکا ہے۔ محکمہ صحت پنجاب کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ نوجوان حال ہی میں صوبہ سندھ سے واپس آیا تھا۔ تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس کے علاوہ مریض کی کوئی اور ٹریول ہسٹری نہیں ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ لاہور کے رہائشی 10 سے زائد مریضوں کے خون کے نمونے تشخیص کیلئے این آئی ایچ کو بھجوائے گئے تھے تاہم متاثرہ نوجوان کے علاوہ کسی اور میں بیماری کی تصدیق نہیں ہوئی۔ طبی حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت لاہور میں جتنے بھی مریض کورونا میں مبتلا ہیں ان کے ٹیسٹ بھی قومی ادارہ صحت کو بھجوائے جائیں گے تاکہ کورونا کی اس نئی قسم کے پھیلائو کو روکنے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے جا سکیں۔ یہ بات ذہن میں رہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کا دائرہ پوری دنیا میں پھیلتا جا رہا ہے۔ درجنوں ممالک کے شہری اس کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔ پاکستان میں لاہور سے قبل بلوچستان، اسلام اور کراچی میں بھی اس ویرئنٹ میں مبتلا مریض سامنے آ چکے ہیں۔