اگر ہماری سیٹیں چھینی گئیں توہم سپریم کورٹ جائیں گے،پی ٹی آئی

اگر ہماری سیٹیں چھینی گئیں توہم سپریم کورٹ جائیں گے،پی ٹی آئی
کیپشن: اگر ہماری سیٹیں چھینی گئیں توہم سپریم کورٹ جائیں گے،پی ٹی آئی

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی ظفر نے کہا ہے کہ اگر ہماری سیٹیں چھین کر بانٹ دی گئیں تو تمام الیکشن متنازع ہو جائیں گے، اگر ہماری سیٹیں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کو بانٹی گئیں تو سپریم کورٹ جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے بیرسٹر گوہر علی خان اور بیرسٹر علی ظفر نے اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کی۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں مخصوص نشستوں کی سماعت ہوئی، ہماری سیاسی جماعتیں جمہوریت کی بات کرتی ہےلیکن عمل نہیں کرتی، آئین کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا، پی ٹی آئی ارکان کو آئین کے مطابق حصہ دینا ہی دینا ہے۔

علی ظفر نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں کہ ہماری مخصوص نشستیں خود میں تسلیم کرلیں، مخصوص نشستیں کوئی خیرات نہیں آئینی حق ہے، ہم نے کہا الیکشن کمیشن یہ معاملہ خالی بھی نہیں چھوڑسکتا، جنہیں نشستیں مل گئی انہیں دوبارہ نہیں مل سکتیں، ہم نے آرٹیکل 51 دکھایا کہ ارکان کسی بھی پارٹی میں شامل ہوسکتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما علی ظفر کا مزید کہنا تھا کہ خط میں کہیں نہیں لکھا کہ ہمیں مخصوص سیٹیں نہیں چاہیئے، اس خط کا مخصوص نشستوں سے کوئی تعلق نہیں بنتا۔

انہوں نے کہا کہ اگر مخصوص نشستیں چھین کر دوسری جماعتوں میں بانٹی گئیں تو وہ سپریم کورٹ جائیں گے لیکن اگر ایسی بانٹ ہوئی تو صدر کا الیکشن، چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر کے الیکشن سمیت تمام الیکشن متنازع ہو جائیں گے۔

بیرسٹر علی ظفر نے یہ بھی کہا کہ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ کا خط انہیں دکھایا نہیں گیا لیکن انہیں معلوم ہوا ہے کہ وہ خط رول 206 کے تحت لکھا گیا تھا، جب الیکشن کمیشن نے رسمی کارروائی کے لیے سنی اتحاد کونسل سے پوچھا کہ انہوں نے مخصوص نشستوں کے لیے ترجیحی فہرست فراہم نہیں کی تو جواب میں سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ انہوں نے الیکشن نہیں لڑا اور اس فہرست کی ضرورت نہیں۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آئین کے مطابق پی ٹی آئی کے 293 اراکین نے سنی اتحاد جوائن کیا، قومی اسمبلی سے پی ٹی آئی کے 86 اراکین نے سنی اتحاد جوائن کیا، پنجاب سے 107، خیبرپختونخوا سے 91 جبکہ سندھ اسمبلی سے 9 ایم پی ایز نے جوائن کیا۔

Watch Live Public News