ویب ڈیسک:چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ ملک بھر میں چاند نظر نہیں آیا ، لہذا پہلا روزہ اتوار 2 مارچ کو ہوگا۔
رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہوا ۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی ۔ کراچی، لاہور، کوئٹہ اور اسلام آباد میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوئے ۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کے بیشتر مقامات پر مطلع ابرآلود تھا، آج ماہ رمضان کا چاند نظر نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک سے کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، رمضان مبارک 2 مارچ کو پورے پاکستان میں ہوگا۔
قبل ازیں لاہور میں رمضان کا چاند دیکھنے کے لئے ایوان اوقاف میں زونل ہلال کمیٹی اجلاس ختم ہوگیا، مطلع ابر آلود ہونے کی وجہ سے چاند نظر نہیں آیا۔
ڈی جی اوقاف کاکہنا تھا کہ رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو چاند نظر نہ آنے سے آگاہ کردیا ہے، رمضان المبارک چاند سے متعلق حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
زونل رویت ہلال کمیٹی کوئٹہ کے مطابق بلوچستان کے کسی بھی شہر سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، کراچی کے علامہ نذیر احمد نعیمی کا کہنا تھا کہ اب تک چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، حتمی اعلان پشاور سے ہوگا۔
ترجمان اسپارکو کے مطابق چاند صبح 5:44 بجے پیدا ہوا، غروب آفتاب کے وقت عمر 12 گھنٹے ہوگی، کراچی میں چاند کی کم بلندی اور فاصلے کی وجہ سے آج نظر آنے کی کوئی شہادت تاحال موصول نہیں ہوئی۔
چاند اور سورج کا زاویائی فاصلہ 7 ڈگری ہے، چاند انسانی آنکھ سے نظر نہیں آئے گا، پاکستان میں رمضان المبارک 2 مارچ 2025 بروز اتوار سے شروع ہونے کا قوی امکان ہے،سعودی عرب میں 28 فروری کو چاند نظر آسکتا ہے، شوال کا چاند 30 مارچ کو متوقع ہے، عیدالفطر 31 مارچ 2025 کو ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مطلع صاف ہے، چند اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلو ہے، آج کوئٹہ میں رمضان کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں، کوئٹہ میں چاند نظر آنے کا وقت 6 بج کر 59 سے لے کر 7 بجکر 7 منٹ تک ہے۔
دوسری جانب عرب میڈیا کے مطابق برؤنائی دارالسلام میں رمضان کا چاند نظر نہیں آیا،برؤنائی دارالسلام میں اتوار 2 مارچ 2025 سے یکم رمضان المبارک ہوگی۔
آسٹریلیا کے مفتی اعظم ڈاکٹر ابراہیم نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہفتہ مارچ کو پہلا روزہ ہوگا، ملائیشیا میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آنے کا باضابطہ اعلان کیا گیا، وہاں پہلا روز اتوار 2 مارچ کو ہوگا، انڈونیشیا نے یکم مارچ کو پہلا روزہ رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔