کیچ میں دہشتگردوں کا حملہ، پاک فوج کے 10 جوان شہید

کیچ میں دہشتگردوں کا حملہ، پاک فوج کے 10 جوان شہید
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشتگردوں نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا۔ ملک دشمنوں کیساتھ لڑائی میں سیکیورٹی فورسز کے 10 جوان شہید ہو گئے جبکہ ایک دہشتگرد کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے 25 اور 26 جنوری کی درمیانی شب بلوچستان کے علاقے کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا اور کئی زخمی ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کیساتھ جوانمردی سے لڑتے ہوئے 10 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ کارروائی کے دوران 3 دہشتگردوں کو حراست میں لیا گیا جبکہ اس دہشتگرد حملے میں ملوث ذمہ داروں کی گرفتاری کے لئے آپریشن جاری ہے'۔ پاک فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مسلح افواج وطن سے دہشتگردوں کا خاتمہ کرنے کے لئے پرعزم ہے، چاہے اس کے لئے جو بھی قیمت چکانی پڑے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل گذشتہ سال 24 دسمبر 2021ء کو ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر ہونیوالے دہشت گردو حملے میں 2 اہلکار شہید ہو گئے تھے۔ دہشتگردوں کیساتھ مردانہ وار لڑتے ہوئے ضلع خوشاب سے تعلق رکھنے والے لانس نائیک منظر عباس اور خضدار سے تعلق رکھنے والے سپاہی عبدالفتح شہید ہو گئے تھے۔ اسی طرح 14 دسمبر کو پاک ایران بارڈر کے نزدیک چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں ایک سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گیا تھا۔ 13 نومبر کو بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں انٹیلی جنس اطلاع ملنے پر ہونے والے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 فوجی شہید ہوئے تھے۔

Watch Live Public News