قوم کو دہشتگردی سے نجات دلانے کیلئے پرعزم ہیں

قوم کو دہشتگردی سے نجات دلانے کیلئے پرعزم ہیں
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان کے علاقے کیچ میں شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاکستان کو ہر قسم کی دہشتگردی سے نجات دلانے کیلئے اپنے عزم پر قائم ہیں۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارے بہادر سپاہی ہمیں دہشت گردوں سے محفوظ رکھنے کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کو پسپا کرتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے10جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم پاکستان کو ہر قسم کی دہشت گردی سے نجات دلانے کے اپنے عزم پر قائم ہیں۔ https://twitter.com/ImranKhanPTI/status/1486914366016479235?s=20&t=ynF1-8Eu7YSfxJs-mXot0A وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی بلوچستان کے علاقے کیچ میں سکیورٹی فورسز پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ بلوچستان کی ترقی اور ملکی سلامتی کا مشن جاری رہے گا۔ وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق شیخ رشید احمد نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کے حملے سے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت پر دکھ کا اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز پر دہشت گردی کا واقعہ قابل مذمت اور انتہائی تکلیف دہ ہے۔ وطن کی حفاظت پر مامور اہلکاروں پر حملہ بدترین دہشت گردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ کاروائیوں سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ بلوچستان کی ترقی اور ملکی سلامتی کا مشن جاری ہے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بھی سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور حملے میں شہید جوانوں کی وطن عزیز کیلئے قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوان قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔ وطن عزیز کے امن کیلئے اپنا آج قربان کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی ہے اور غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کا حوصلہ پست نہیں کرسکتے۔

Watch Live Public News