کراچی : عدالت نے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ صوبائی اینٹی کرپشن کورٹ نے حلیم عادل شیخ کو رہا کرنے کا حکم دے دیا،عدالت نے حلیم عادل شیخ کو 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ پر ظلم اور گرفتاری پر مذمت کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ خالص فسطائیت ہے، جو زرداری، شریف مافیا کے ان لوگوں کو ختم کرنے کے انداز کی عکاسی کرتی ہے، جنہیں وہ خرید نہیں سکتے، یہ کسی بھی جمہوریت میں قطعی طور پر ناقابل قبول ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کو گرفتار کیا گیا تھا،اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ اینٹی کرپشن جامشورو میں اپنے مقدمے کی سماعت پر پہنچے تھے، اینٹی کرپشن ڈائریکٹر ذیشان میمن کی جانب سے حلیم عادل شیخ کو گرفتار کیا گیا۔