عام انتخابات اپنے وقت پر ہونگے، مولانا فضل الرحمان

عام انتخابات اپنے وقت پر ہونگے، مولانا فضل الرحمان
اسلام آباد: پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عام انتخابات اپنے وقت پر ہونگے اور حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ وفاقی دارالحکومت میں مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا،جس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا سربراہی اجلاس آج منعقد ہوا، ویڈیو لنک پر میاں نواز شریف اور وزیراعظم میاں شہباز شریف شریک ہوئے ، محمود اچکزئی بھی ویڈیو لنک پر اجلاس میں شریک ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی صورتحال پر سنجیدگی کے ساتھ غور کیا گیا ، پی ڈی ایم اجلاس ابھی جاری ہے اور مزید چند روز جاری رہے گا ، اس اجلاس میں حکمران اتحاد میں شامل تمام جماعتیں شریک ہونگی اور ا تحادی جماعتوں کی مشاورت سے متفقہ حکمت عملی بنائی جائیگی ۔ مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ الیکشن وقت پر ہونگے، عمران خان کا جھوٹا بیانیہ ناکام بنائینگے وہ قوم سے جھوٹ بولتا ہے ، ہم قوم کو اطمینان دلائیں گے کہ معیشت کو کس طرح بحال کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے اجلاس میں کچھ قرار دادیں بھی منظور ہوئی ہیں، پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی، وفاقی حکومت فل کورٹ کے ذریعے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لئے صدارتی آرڈیننس سپریم کورٹ بھجوایا جائے ،دستور پاکستان 1973 کے مطابق مقننہ ، عدلیہ اور ایگزیکٹو کو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں ، کوئی ادارہ کسی دوسرے ادارے کے اندر مداخلت نہیں کرسکتا ۔ پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ عدلیہ کے حالیہ فیصلہ سے افراتفری ، ابہام اور سیاسی بحران پیدا ہوا ہے ، ملکی نمائندہ جماعتوں نے اس معاملے پر اپنی بے چینی و اضطراب کا اظہار کیا ہے ، قانونی ماہرین ، میڈیا اور سول سوسائٹی نے بھی اس فیصلے سے اتفاق نہیں کیا ہے، الگ الگ معیارات اور تشریحات نے خدشات کو درست ثابت کردیا گیا ہے ، اس لئے صدارتی ریفرنس سپریم کورٹ کو جلد از جلد بھیجا جائے۔ مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنایا جائے، پی ڈی ایم مطالبہ کرتا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان آئین کے مطابق اپنی ذ مہ داری پوری کرے۔ان کاکہنا تھا کہ اسرائیلی و بھارتی شہریوں کے ذریعہ پی ٹی آئی کو فنڈز ملے، جس کے شواہد فارن فنڈنگ کیس میں ثابت ہے ،اس کیس سے آنکھیں بند کرنا قومی سلامتی کے خلاف ہے ۔ سیاسی جماعتوں کی تنظیم اور مالیاتی امور سے متعلق اس اہم کیس کا فیصلہ سنایا جائے۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فل کورٹ کا مطالبہ اس لئے مسترد ہوا کیونکہ یکطرفہ اور ناانصافی پر مبنی فیصلہ آنا تھا، لاڈلے کو نوازنے کیلئے فل کورٹ کا مطالبہ مسترد کر دیا گیا، چند ہفتے پہلے کچھ اور فیصلہ دیا، نئے فیصلے میں اپنے ہی فیصلے کو اڑا کر رکھ دیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ مجھے پورا یقین تھا کہ فل کورٹ نہیں بنے گا، فیصلے میں لکھا ہے کہ جج سے اگر غلطی ہو جائے تو اس کی تصحیح ہونی چاہیئے، غلطی بھی ہوئی تو لاڈلے حق میں ہوئی، اس بار انصاف اور عدل کا قتل ہوا، ہمارے25ممبر بھی عمران خان کو دیدیئے گئے اور چودھری شجاعت کے 10 ممبر بھی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔