وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا یومِ عاشورہ ۵۴۴۱ھ کے موقع پر قوم کے نام پیغام

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا یومِ عاشورہ ۵۴۴۱ھ کے موقع پر قوم کے نام پیغام
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عاشورہ، محرم کا 10 واں دن، دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے گہری تاریخی اور روحانی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ ہمارے نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے پیارے نواسے امام حسین کی حق کیلئے عظیم جدوجہد، قربانی اور شہادت کا دن ہے۔ اس دن امام حسینؓ نے اپنے اصحاب اور اہلِ بیت کے ساتھ کربلا کی جنگ میں ظلم، جبر اور ناانصافی کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ امام حسین رضی اللہ عنہ کی قربانی ہمیں غیر متزلزل ایمان، راست بازی اور انصاف کے حصول کا انمول سبق سکھاتی ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ظلم و جبر کے خلاف کھڑا ہونا ایک مسلمان کا اخلاقی فرض ہے۔ ان کا لازوال پیغام آج ہمارے ساتھ گونجتا ہے، جو ہمیں اپنی زندگی کے تمام پہلوؤں میں انصاف، ہمدردی اور استقامت کے اصولوں کو برقرار رکھنے کی ترغیب دیتا ہے۔ امام حسین رضی اللہ عنہ کی قربانی کسی خاص وقت یا مقام تک محدود نہیں تھی۔ یہ سرحدوں سے بالا تر ہو کر نسلوں اور براعظموں میں مسلمانوں کے ساتھ گونجتی ہے۔ یہ ایک یاددہانی ہے کہ انصاف، مساوات، اور انسانی وقار کے لیے ہماری جدوجہد کو غیر متزلزل عزم سے ہمکنار ہونا چاہیے۔ امام حسین کی فربانی ہمیں سکھاتی ہے کہ حق اور انصاف کے لیے کھڑا ہونا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا البتہ یہ وہ راستہ ہے جو دائمی کامیابی اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کی طرف لے جاتا ہے۔ ہماری قوم اور پوری اُمتِ مسلمہ کو جن چیلنجوں اور آزمائشوں کا سامنا ہے، اس میں ہمیں امام حسین کی فربانی سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔ یاد رکھیں کہ حق پر ڈٹے رہنے اور مقاصد کے حصول کی راہ میں جو رکاوٹیں حائل ہوتی ہیں انہیں صرف ثابت قدمی، قربانی اور اولوالعزمی سے ہی دور کیا جاسکتا ہے۔ آیئے ہم اپنی روزمرہ زندگی میں امام حسین اور ان کے ساتھیوں کی قائم کردہ عظیم مثال کی تقلید کرنے کی کوشش کریں، جو ہمارے معاشرے میں روشنی کے مینار اور بہترین نمونہ ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہماری قوم اور امت مسلمہ پر رحم فرمائے اور ہمیں اسلام کی تعلیمات اور امام حسین کی عظیم میراث پر ثابت قدم رہنے کی توفیق اور رہنمائی عطا فرمائے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔