اداکارہ سجل علی بھی اسلام آباد میں بچی پر بہیمانہ تشدد کیخلاف بول پڑیں

اداکارہ سجل علی بھی اسلام آباد میں بچی پر بہیمانہ تشدد کیخلاف بول پڑیں
لاہور: اسلام آباد میں 14 سالہ گھریلو ملازمہ پر بہیمانہ تشدد پر اداکارہ سجل علی بھی خاموش نہ رہ سکیں۔ تفصیلات کے مطابق اداکارہ نادیہ جمیل نے سجل علی کا ایک ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے کہ جس میں سجل علی کہہ رہی ہیں کہ میری آپ سب سے درخواست ہے کہ خدا کے واسطے چھوٹے بچوں پر ظلم کرنا، ان سے کام کرانا، مشقت کروانا بند کر دیں، چائلڈ لیبر غلط اور غیر قانونی ہے، یہ کام چائلڈ پروٹیکشن قانون میں قابل سزا ہے، آپ میں سے کوئی بھی کسی چھوٹے بچے کو گھر یا باہر کام کرتے یا ظلم ہوتا دیکھیں تو اسے فوری رپورٹ کریں۔ اداکارہ نے کہا کہ ہمیں یقین ہے چائلڈ پروٹیکشن بیورو یہ تمام کام کر رہی ہے مگر مجھے لگتا ہے کہ ہم سب کو مل کر ان پر دباؤ ڈالنا چاہیے تاکہ وہ بچوں کو تحفظ دے سکیں کیونکہ ان کی عمریں کام کرنے کی نہیں کھیلنے کی ہیں۔ اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ آپ جتنا ایسے کیسز کو رپورٹ کرسکتے ہیں کریں، ہم سب مل کر ان سب چیزوں پر آواز اٹھائیں گے تو ہی ہماری آواز وہاں تک پہنچے گی جہاں تک پہنچنا ضروری ہے اور وہ لوگ پھر ایسے کیسز پر ایکشن لے سکیں گے۔ اداکارہ نادیہ جمیل نے سجل علی کے پیغام پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سجل وہ واحد شخصیت ہیں کہ جنہیں میں نے چائلڈ لیبر کے حوالے سے ویڈیو پیغام جاری کرنے کا کہا، انہوں نے اس کے جواب میں فوری اپنا پیغام دیا۔ واضح رہے کہ تشدد کا شکار 14 سالہ گھریلو ملازمہ رضوانہ کا تعلق سرگودھا سے ہے اور وہ لاہور کے جنرل ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔