ٹام کروز کی فلم نے پہلی بار ایک ارب ڈالرز کی کمائی کر لی

ٹام کروز کی فلم نے پہلی بار ایک ارب ڈالرز کی کمائی کر لی
4 دہائیوں کے کیرئیر میں پہلی مرتبہ ٹام کروز کی فلم 'ٹاپ گن میورک ایک ارب ڈالرز کمانے میں کامیاب ہوگئی ہے اور اس طرح یہ پہلی فلم بن گئی ہے ان کی جو ایک ارب ڈالرز کے سنگ میل کو حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے اور مجموعی طور پر ایک ارب ڈالرز کلب کی50 ویں فلم ہے۔ ٹام کروز کے کیرئیر کو 4 دہائیوں سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہے مگر اب جاکر پہلی بار ان کی کسی فلم نے ایک ارب ڈالرز کے جادوئی ہندسے کو عبور کیا ہے۔27 مئی کو ریلیز ہونے والی فلم نے شمالی امریکا میں 52 کروڑ 17 لاکھ ڈالرز کمائے جبکہ دیگر ممالک میں 48 کروڑ 47 لاکھ ڈالرز کا بزنس کیا ہے۔ کورونا وائرس کی وبا کے بعد یہ دوسری فلم ہے جو یہ اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی ہے، اس سے پہلے اسپائیڈر مین نو وے ہوم تقریباً2 سال کے بعد ایک ارب ڈالرز کمانے والی پہلی فلم بن گئی تھی۔ ٹاپ گن میورک 1986 میں ریلیز ہونے والی فلم ٹاپ گن کا سیکوئل ہے کہ جو ٹام کروز کے کیرئیر کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوئی تھی۔اس نئی فلم میں بھی لڑاکا طیاروں کے سانسیں روک دینے والے اسٹنٹس دکھائے گئے ہیں۔ اس سے قبل 2018 کی مشن امپاسبل فال آؤٹ ٹام کروز کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم تھی جس نے 79 کروڑ ڈالرز سے زیادہ کمائے تھے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔