آرمی چیف سے برطانوی سکھ فوجیوں کے 12 رکنی وفد کی ملاقات

آرمی چیف سے برطانوی سکھ فوجیوں کے 12 رکنی وفد کی ملاقات
راولپنڈی : آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی سکھ فوجیوں کے 12 رکنی وفد کی ملاقات ہوئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق برطانوی وفد کی قیادت ڈپٹی کمانڈر فیلڈ آرمی میجر جنرل سئیلا جے ہاروے نے کی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان تمام مذاہب کا احترام کرتا ہے، پاکستان کو ملک کو مذہبی سیاحت کے فروغ کی اہمیت کا احساس ہے، کرتار پور راہداری مذہبی ہم آہنگی اور آزادی کے لئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ برطانوی سکھ فوجیوں کے وفد نے دورہ لاہور میں واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب دیکھی، برطانوی وفد نے قلعہ لاہور، مزار اقبال اور بادشاہی مسجد بھی دیکھی، برطانوی سکھ فوجیوں کے وفد نے دربار حضرت میاں میر،حویلی نونہال سنگھ،گردوارہ جنم استھان گرو رام داس،مہاراجہ رنجیت سنگھ کی سمادھی کا بھی دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکھ وفد نے گردوارہ ڈیرہ صاحب، کرتار پور راہداری،ننکانہ صاحب اور ڈیرہ پنجہ صاحب بھی دیکھا، برطانوی سکھ فوجیوں کے وفد نے اورکزئی ایجنسی میں سمانہ قلعہ،لاک ہارٹ فورٹ اور سرا گڑھی یادگار بھی دیکھی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔