دہلی میں طوفانی بارشوں نے 88 سالہ ریکارڈ توڑ دیا

دہلی میں طوفانی بارشوں نے 88 سالہ ریکارڈ توڑ دیا
کیپشن: Torrential rains in Delhi break 88-year-old record

ویب ڈیسک: دہلی میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی۔ گزشتہ رات سے جاری بارش نے 88 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ 

تفصیلات کے  مطابق دہلی میں جمعرات کی دیر رات سے ہو رہی بارش کی وجہ سے کئی مقامات پر پانی بھر گیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں جمعرات کی صبح 8.30 بجے سے جمعہ کی صبح 8.30 بجے تک 228 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ یہ 1936 کے بعد جون کے مہینے میں 24 گھنٹوں میں ہونے والی سب سے زیادہ بارش ہے۔ 1936 میں 28 جون کو 235.5 ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔
دہلی میں جون کے پورے مہینے میں اوسطاً 80.6 ملی میٹر بارش ہوتی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں تقریباً تین گنا بارش کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 

صبح دفتر اور کام پر جانے والوں کو ٹریفک جام اور سڑکوں پر پانی جمع ہوجانے سے دشواریاں ہو رہی ہیں۔ حالانکہ دو ماہ سے جاری شدید گرمی سے لوگوں کو راحت بھی ملی ہے۔ 

جمعہ کو دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت 24.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3.2 ڈگری کم ہے۔ 

یاد رہے کہ قومی راجدھانی میں گزشتہ 15 سالوں میں جون کے پورے مہینے میں بھی کبھی 200 ملی میٹر بارش نہیں ہوئی ہے۔

Watch Live Public News