کراچی ( پبلک نیوز) صحافیوں اوردیگر میڈیا ورکرز کےتحفظ سےمتعلق قانون پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش، وزیراطلاعات ناصر شاہ نے صحافیوں سےمتعلق بل ایوان میں پیش کیا۔
مسودہ قانون کے تحت میڈیا ورکرز اور صحافیوں کو پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی میں تحفظ دیا گیا۔ صحافیوں کو پیشہ وارانہ امور کی ادائیگی میں رکاوٹ ڈالنے والوں کےخلاف کارروائی ہوگی۔ جرنلسٹ پروٹیکشن بل کےتحت صحافی اپنی خبر کےزرائع بتانے کا پابند نہیں ہوگا۔ صحافیوں کے تحفظ کے لئے کمیشن قائم کیاجائےگا۔
صحافیوں کو ہراساں کرنے، جان سےمارنے کی دھمکی دینے پر سزا ہوگی۔ صحافیوں پر حملے میں ملوث ملزمان کے کیس پر ترجیحی بنیاد پر فیصلے کیے جائیں گے۔ صحافی پیشہ وارانہ امور میں رکاوٹ بننےوالےعناصراور ہراساں کرنے کرنےوالوں کےخلاف کمیشن میں درخواست دیں گے۔
ایم کیوایم کے خواجہ اظہار نے صحافیوں کے اہل خانہ کو بھی طبی فوائد دینے کے لئے ترمیم پیش کی۔ وزیر اطلاعات ناصر شاہ نے ترمیم کی حمایت کی جبکہ وزیر پارلیمانی امور مکیش کمار نے ترمیم کی مخالفت کر دی۔ ایم کیو ایم کے خواجہ اظہار کی ترمیم کثرت راے سے مسترد کر دی گئی۔