جکارتہ: ایشیا ہاکی کپ میں پاکستان نے پانچویں پوزیشن کے سیمی فائنل میچ میں اومان کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں جاری ایشیا کپ میں پاکستان نے پانچویں پوزیشن کے سیمی فائنل میچ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اومان کو بآسانی 2-5 سے ہرا دیا، رضوان علی نے 2 گول سکور کئے۔ گرین شرٹس کو پانچویں پوزیشن کے لئے یکم جون کو بنگلہ دیش یا انڈونیشیا کا چیلنج درپیش ہوگا۔ پنلٹی کارنر سپیشلسٹ رضوان علی نے دو جبکہ رانا وحید، غضنفر علی اور معین شکیل نے ایک، ایک بار گیند کو جال میں پہنچایا، اومان کی طرف سے الفرازی راشد اور المانی اصیل نے ایک، ایک گول کیا۔ اس کامیابی کے بعد پاکستان نے پانچویں پوزیشن کے فائنل میچ میں جگہ بنا لی ہے جہاں اس کا مقابلہ پانچویں تا آٹھویں پوزیشن کے دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم بنگلہ دیش یا انڈونیشیا سے یکم جون کو ہو گا۔