شیخ رشید احمد کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست

شیخ رشید احمد کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست
مسجد نبوی ﷺ کے تقدس کی پامالی کا بدترین واقعہ۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے خلاف اندراج مقدمہ کے لئے درخواست تھانہ سیکریٹریٹ اسلام آباد میں جمع کرا دی گئی۔ درخواست تحریک تحفظ ناموس رسالت ﷺ پاکستان کے سینئر نائب صدر شیراز احمد فاروقی اور جنرل سیکریٹری حافظ احتشام احمد کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔ درخواست میں سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید پر شرپسندوں کو مسجد نبوی ﷺ کے تقدس کی پامالی پر اکسانے اور اس کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام ہے. درخواست میں شیخ رشید احمد وغیرہ کے خلاف مسجد نبوی ﷺ کے تقدس کی پامالی کے واقعہ کا مقدمہ فوری طور پر درج کرتے ہوئے قانون کے مطابق سخت ترین کاروائی کی استدعا کی گئی ہے. واضح رہے کہ گزشتہ روز سیاسی مخالفت کے جنون میں مذہبی تقدس کی پامالی کا واقعہ پیش آیا، وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیرِنارکوٹیکس کنٹرول نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی مسجدِ نبوی ﷺ آمد کے موقع پر بے ہودہ آوازیں کسی گئیں۔ مسجد نبوی کی حرمت کا خیال بھی نہ رکھا گیا، بعض افراد نے بدتمیزی کی انتہا کر دی، پوری دنیا کے زائرین کے سامنے اپنے ہی وزراء کا تمسخر اڑایا گیا، دونوں وزراء کو غدار اور چور کہہ کر ان کا پیچھا کیا گیا۔ رمضان المبارک کے آخری ایام ہونے کے باوجود تماش بین بن کر لوگ اپنے موبائلوں سے ویڈیو بناتے رہے۔نوبت یہاں تک پہنچی کہ ایک شخص نے نوابزادہ شاہ زین بگٹی کے سر کے بال نوچ لیے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔