ہاکی لیجنڈ اولمپئین منظور جونئیر انتقال کر گئے

ہاکی لیجنڈ اولمپئین منظور جونئیر انتقال کر گئے
ہاکی اولمپئین ، چیئرمین سلیکشن قومی ہاکی ٹیم منظور جونئیر انتقال کر گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ہاکی لیجنڈ منظور حسین جونیئر دل کا دورہ پڑنے سے وفات پا گئے، منظور جونئیر کو آج صبح دل کا دورہ پڑنے کے باعث لاہور کے نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا۔ پی ایچ ایف کے صدر اور سیکرٹری جنرل نے پی ایچ ایف چیئرمین سیلیکشن کمیٹی منظور حسین جونیئر کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ یاد رہے کہ منظور جونیئر نے قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 1984 کے لاس اینجلس اولمپکس میں گول میڈل کا اعزاز حاصل کیا۔وہ 1978 اور 1982 کی فاتح قومی ہاکی ٹیم کا بھی حصہ رہے۔ ادھر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کا کہنا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہاکی لیجنڈ اولمپئین منظور حسین جونیئر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہاکی لیجنڈ منظور حسین جونئیر آرمی چیف کے ذاتی دوست بھی تھے۔ آرمی چیف نے کہا ہے کہ اللہ تعالٰی مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔آرمی چیف نے غمزدہ خاندان کے لئے ناقابل تلافی نقصان پر صبر جمیل کی دعا کی۔ دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ہاکی کی دنیا کے لیجنڈ، اولمپیئن منظور حسین جو نیئر کے انتقال پر گہرا دکھ اور افسوس ہوا۔ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند کریں اور سوگواران کو صبرِ جمیل عطا کریں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گولڈ میڈلسٹ منظور حسین جونیئر قوم کا سرمایہ تھے، پاکستان ہاکی کیلئے انکی خدمات نا قابلِ فراموش رہیں گی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔