لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں اومیکرون کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر عالمی وبا کورونا وائرس کی پانچویں لہر کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اب تک ملک میں نئے ویرئینٹ کے 75 کیس سامنے آچکے ہیں۔ وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے اومیکرون کے کیسوں میں جس تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اگلے دو ہفتے ملک کیلئے بہت اہم ہیں۔ مریضوں کی تعداد بڑھتی رہی تو پورے ملک سے اومیکرون کے کیسز رپورٹ ہونے لگیں گے۔ طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ فروری 2022ء تک ملک بھر میں روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 4 ہزار کیس سامنے آ سکتے ہیں۔ اس لئے بیماری سے بچنے کا واحد حل ویکسی نیشن ہے۔ حفاضتی ٹیکے لگوانے والے ہی شدید اثر سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ قومی ادارہ صحت نے پاکستان میں اومیکرون کے 75 کیسز کی تصدیق کر دی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد 17، کراچی میں 33 اور لاہور میں 13 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اومیکرون کے 12 کیسز بیرون ملک سے آنے والےافراد میں پائے گئے۔ متعلقہ ادارے اومیکرون کے پھیلائو کو روکنے کیلئے کنٹیکٹ ٹریسنگ کر رہے ہیں۔ قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اومیکرون کا پہلا کیس 13 دسمبرکو رپورٹ ہوا تھا۔ ویکسینیشن اور ایس او پیز پر عملدرآمد بھی وبا کے خلاف موثر ہیں۔ تمام شہری کورونا کے خاتمے کے لیے ویکسینیشن مکمل کروائیں۔