(ویب ڈیسک )اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سنگین بیماری میں مبتلا ہوگئے ہیں جلد انکی پروسٹیٹ سرجری کی جائے گی۔
اس حوالے سے اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیراعظم بین یامین نیتن یاہو پروسٹیٹ کے شدید انفکیش کے سبب اسپتال میں داخل ہوگئے، طبی ماہرین نے اسرائیلی وزیر اعظم کے پروسٹیٹ نکالنے کا مشورہ دیا ہے، انہیں سرجری کے لیے کئی دن اسپتال میں رکھا جائے گا۔
اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے بھی نیتن یاہو کی سرجری کروانے سے متعلق میڈیا کو آگاہ کردیا۔
واضح رہے کہ نیتن یاہو کے خلاف عدالت میں کرپشن کیسز زیر سماعت ہیں۔ ان کے وکیل نے عدالت سے کچھ دن کیلئے کیس کی سماعت منسوخ کرنے کی درخواست کی ہے۔
وکیل نے عدالت میں کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نے گزشتہ دنوں اسپتال میں اپنا میڈیکل ٹیسٹ کروایا تھا، جس میں ان کی پیشاب کی نالی میں انفیکشن پایا گیا، جس کے علاج کیلئے ان کی پروسٹیٹ سرجری کی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو کے وکیل نے یروشیلم ڈسٹرکٹ کورٹ میں بتایا کہ نیتن یاہو اتوار کو پروسٹیٹ کی سرجری کےلیے مکمل بےہوشی کے زیر اثر ہوں گے اور سرجری کے بعد کئی دنوں تک اسپتال میں رہیں گے۔
وکیل نے کہا کہ وزیراعظم کے کریمنل ٹرائل میں اس ہفتے کی گواہیوں کو منسوخ کرنے کےلیے درخواست دائر کی ہے، جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت پیر 6 جنوری تک ملتوی کردی ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم کو 3 کیسز میں فراڈ اور ایک کیس میں رشوت ستانی کے الزامات کا سامنا ہے۔