لاہور:پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں نظر آنے والی خاتون بالآخر منظر عام پر آگئیں ۔
ابیہا مامون نامی خاتون کی تصاویر بابر اعظم کیساتھ سوشل میڈیا پر گزشتہ چند رو زسے بڑی تیزی سے وائرل ہو ئیں جسے دیکھنے کے بعد مداحوں کے ذہنوں میں مختلف سوالات جنم لے رہے ہیں ،تاہم اب وائرل تصویر میں موجود خاتون آرٹسٹ ابیہا مامون کا پہلا ویڈیو انٹرویو منظر عام پر آیا ہے جس میں میک آرٹسٹ کو وائرل تصویر سمیت بابر اعظم کے رویے سے متعلق بھی بات کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ابیہا مامون نے بابر اعظم کیساتھ وائرل تصاویر کی حقیقت بتاتے ہوئے کہا کہ ایک شوٹ کیلئے انہیں بابر اعظم کیساتھ میک اپ اور اسٹائلنگ کے لیے بطور میک اپ آرٹسٹ رکھا گیا تھا جہاں میں نے بھی ان کیساتھ چند تصاویر لیں اور بعد ازاں انہیں اپنے انسٹا گرام پر پوسٹ کر دیا ۔
ابیہا کا کہنا تھا انہیں یہ نہیں معلوم تھا کہ اس طرح سے یہ تصاویر وائرل ہو جائینگی کیونکہ اس سے قبل بھی میں نے بہت سے فنکاروں ،کھلاڑیوں اور شوبز شخصیات کیساتھ تصاویر اپ لوڈ کیں تھیں لیکن بابر اعظم کیساتھ میری تصاویر زیادہ وائرل ہو گئیں ۔
ابیہا کا کہنا تھا کہ میں نے اس شوٹ کے سلسلے میں با بر اعظم کیساتھ پورا دن گزار ا ،بابر اعظم بہت عزت کرنے والے انسان ہیں وہ خواتین سمیت ہر دوسرے شخص کیساتھ عزت سے پیش آتے ہیں ۔