کراچی ( پبلک نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ جن اسکیموں پر 50 فیصد خرچ ہوچکا ہے انکو نئے سال میں مکمل کرنا ہے، ہم زیادہ تر نئی اسکیمیں شروع کرینگے جو ایک ہی سال میں مکمل ہوجائیں۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ باقی جن نئی اسکیمز کی لاگت بہت زیادہ ہوگی انکو اگلے 2 سالوں میں مکمل کرنا ہے، محکمہ داخلہ کی 14 ، محکمہ قانون کی 8، ماس ٹرانزٹ کی 6 اور لائیو اسٹاک کی 5 جاری اسکیمیں ہیں ٗ نئے مالی سال میں یہ اسکیمیں مکمل کی جائیں، نئے مالی سال کا ترقیاتی پروگرام عوام کی ضروریات کے مطابق ہوگا۔انہوں نے کہا کہ غربت کا خاتمہ، خواتین کی فلاح، کمیونٹی ڈولپمنٹ نئے سال کے بجٹ میں ترجیح پر ہونگی، نیا سال عوام کی صحت کا سال ہوگا جس میں وبا پر ضابطے کا منصوبہ ہوگا، وبا کی وجہ سے غربت میں اضافہ ہوا ہے، حکومت کوشش کریگی نچلے طبقے کی معاشی بحالی کیلئے ضروری اقدامات کرے۔