29 مئی: عالمی امن کے لئے کوشاں اقوام متحدہ کے امن دستوں  کا عالمی دن

29 مئی: عالمی امن کے لئے کوشاں اقوام متحدہ کے امن دستوں  کا عالمی دن
کیپشن: May 29: International Day of United Nations Peacekeepers for World Peace

ویب ڈیسک: آج دنیا سمیت پاکستان میں ” اقوام متحدہ کے امن دستوں کا عالمی دن“  منایا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی قوم ان بہادروں کو خراج ِ تحسین پیش کرتی ہے۔ جنہوں نے دنیا بھر میں اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں خدمات سرانجام دیں۔ 

یہ دن اقوامِ متحدہ کا امن برقرار رکھنے کی کاوشوں، انسانی مصائب کے خاتمے، جنگوں اور اندرونی تنازعات کے شکار ممالک میں دیرپا امن و امان کی صورتحال قائم رکھنے کے عالمی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

پاکستان اقوامِ متحدہ کے امن مشن میں اپنی افواج کے ذریعے سب سے زیادہ تعاون کرنے والا ملک ہے۔

1960سے لے کر اب تک پاکستان نے دنیا کے تقریباَ تمام براعظموں سمیت 29ممالک میں اقوامِ متحدہ کے48امن مشنز میں 235,000فوجیوں کو تعینات کیا۔

اس وقت پاکستان کے تقریباَ 3000 امن دستے ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو، جنوبی سوڈان، وسطی افریقی جمہوریہ، قبرص، مغربی صحارا اور صومالیہ کے امن مشنز میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ 

پاکستانی امن دستے نہایت مہارت اور لگن کے ساتھ اقوامِ متحدہ کی امن فورسز کے مشن کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ 

آج امن کے عالمی دن کے موقع پر، پاکستان عالمی امن کے عظیم مقصد کے لیے ”پاکستانی پیس کیپرز“کی  قابلِ قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔ پاکستان کو اقوامِ متحدہ کے قیام امن کے لیے اپنی دیرینہ وابستگی پر فخر ہے۔

پاکستان اقوام ِ متحدہ کے امن دستوں کی حفاظت اور سلامتی کو بہتر بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

پاکستانی امن دستے مصیبت زدہ علاقوں میں امن کی بحالی تک کام جاری رکھیں گے۔

Watch Live Public News