سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں ملک کو معاشی قوت بنائیں گے جبکہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانا اولین ترجیح ہے۔ گذشتہ روز شہباز شریف نے پارٹی رہنما امیر مقام اور مدثر قیوم ناہرہ سے ملاقات کی جس دوران گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ن لیگ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی قوم کی امیدوں پر پورا اترے گی۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں 21 اکتوبر کے جذبے اور تاریخی عزم سے اتریں گے، عوام کو مہنگائی سے نجات دلانا اولین ترجیح ہے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ پارٹی قائد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو معاشی قوت بنائیں گے۔ خیال رہے کہ مسلم لیگ ن نے 21 اکتوبر کو لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں نواز شریف کی 4 سال بعد وطن واپسی پر جلسہ کیا تھا جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی۔