نیورمبرگ ( ویب ڈیسک ) اداکارعمر شریف جرمنی کے ہسپتال پہنچ گئے، تقریباً سوا سات گھنٹے سفر کے وجہ سے ان کو تھکاوٹ اور ہلکار بخار ہو گیا ، لیجنڈ اداکار کی اہلیہ کو جرمنی کے تھانے میں چار گھنٹے گزارنے پڑے۔ تفصیلات کے مطابق اداکار عمر شریف کو لیکر ایئر ایمبولینس پاکستان سے امریکہ کیلئے روانہ ہوئی جہاں پر جرمنی میں ان کا سٹاپ اوور تھے لیکن جرمنی تک پہنچتے پہنچتے سوا سات گھنٹے کے سفر کی وجہ سے ان کی طبیعت ناساز ہو گئی، ہلکار بخار اور تھکاوٹ کی وجہ سے ایئر ایمبولینس کی طبی ٹیم نے فیصلہ کیا کہ عمر شریف کے جرمنی میں سٹاپ اوور کو طویل کر دیا جائے ۔ عمر شریف کو جرمنی کے نیورمبرگ ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے، جہاں پر ان کے مزید ٹیسٹ لئے گئے ہیں ، عمر شریف کے امریکہ میں معالج میزبان ڈاکٹر طارق شہاب کا کہنا ہے کہ عمر شریف کی طبیعت کنٹرول میں ہے، عمر شریف آج رات گئے یا کل صبح کسی بھی وقت جرمنی سے امریکہ کیلئے روانہ ہوں گے جبکہ اس دوران ان کا ایک اور مختصر سا سٹاپ اوور آئس لینڈ میں ہو گا۔ جرمنی میں قیام طویل ہونے اور ہسپتال میں داخل ہونے کی وجہ سے عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جب یہ فیصلہ ہوا کہ عمر شریف جرمنی کے ہسپتال میں داخل کئے جائیں گے تو ان کی اہلیہ کو ویزا نہ ہونے کی وجہ سے ایئر پورٹ اور بعد ازاں تقریباً چار گھنٹے تک ایئر پورٹ کے قریب تھانے میں گزارنے پڑے، جس کے بعد قانونی مراحل مکمل ہونے کے بعد انہیں عمر شریف کے پاس ہسپتال جانے کی اجازت ملی۔