گرمیوں میں ملتان کے آموں کے چرچے، سردیوں میں سوات کے جاپانی پھل قصے۔ سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی شہروں کی چھابڑیاں اس میوے سے لبریز ہو جاتی ہیں۔ اس جاپانی پل املوک کی سالانہ پیداوار اور اس کے باغات کے بارے میں سبھی جاننا چاہتے ہیں۔ وادی سوات میں آم کا نعم البدل پھل مارکیٹ میں پہنچ گیا ہے۔ وادی سوات آڑو اور سیب کا مسکن تو ہے ہی، یہاں پر جاپانی پھل کے باغات بھی 5ہزار ایکڑ رقبے پر پھیلے ہوئے ہیں۔ جبکہ اس کی سالانہ پیداوار بیس ہزارٹن سے بھی زیادہ ہے۔ اس کو مقامی طور پر املوک کے نام سے جانا جاتا ہے۔ آج کل اس پھل کا موسم ہے جسے ڈبوں میں پیک کر کے پاکستان کے مختلف مقامات کو سپلائی کیا جاتا ہے۔ یہ آم سے بھی زیادہ میٹھا پھل ہے اور پورے ملک میں اس کو پسند کیا جاتا ہے۔ رنگت اور ذائقہ میں بے مثال جاپانی پھل وٹامن سے بھرپور ہے۔ اس پھل کو برآمدکرنے کے لیے حکومتی سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں تو قیمتی زر مبادلہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ اگر حکومت اس کے پیداوار میں حائل رکاوٹیں دور کر کے آسانیاں پیدا کریں تو اس سے کسانوں کو مناسب منافع مل سکتا ہے۔