(ویب ڈیسک) دنیا میں بہت سی شاندار جگہیں ہیں، جن کے بارے میں جان کر ہم سب حیران رہ جاتے ہیں. اگر آپ کبھی کسی ہوٹل میں گئے اور آپ سے پوچھا گیا کہ آپ کس ملک کے کمرے میں رہنا چاہتے ہیں تو آپ کا رد عمل کیا ہوگا۔ اگر اس ہوٹل کا بیڈروم ایک ملک میں اور باتھ روم دوسرے ملک میں ہوتو کیا ہوگا؟ یہ سب چونکا دینے والا ہے لیکن سچ ہے۔ آئیے آپ کو ایک ایسے ہی منفرد ہوٹل کے بارے میں بتاتے ہیں۔
فرانس اور سوئٹزرلینڈ کی سرحد پر ایک ہوٹل بنایا گیا ہے ، جہاں آپ موڑ لیتے ہی دوسرے ملک پہنچ سکتے ہیں۔ اس ہوٹل کا نام Arbez Franco Suisse ہے۔ یہ ہوٹل منفرد خاصیت کے لیے پوری دنیا میں مشہور ہے اور سیاح تفریح کے لیے ہوٹل آتے ہیں اور ساتھ ہی ایک دورے میں دو ممالک کی سیر کا لطف بھی اٹھاتے ہیں۔
اربز ہوٹل فرانس سوئٹزرلینڈ سرحد پر گاؤں لا کیور میں واقع ہے۔ یہ ہوٹل بارڈر لائن کے بالکل اوپر بنایا گیا ہے اور اس کا ایک تہائی حصہ سوئٹزرلینڈ میں آتا ہے جبکہ دو تہائی فرانس میں ہے۔ لوگ اسے سوئس اور فرانسیسی دونوں ہوٹل کہتے ہیں۔
جنیوا سے کچھ فاصلے پر بنایا گیا یہ ہوٹل دو ممالک میں پھیلا ہوا ہے۔اس میں منفرد یہ ہے کہ اس ہوٹل کا بار سوئٹزرلینڈ میں آتا ہے تو باتھ روم فرانس میں آتا ہے۔ اس ہوٹل کے تمام کمروں کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ آپ یہاں قیام کے دوران ایک ملک سے دوسرے ملک کی سرحد میں داخل ہو سکتے ہیں۔
کمروں کی اندرونی سجاوٹ بھی دونوں ممالک کی ثقافت کے مطابق کی گئی ہے۔ یہاں تک کہ کمرے کے تکیے بھی دونوں ممالک کے جھنڈوں کے ڈیزائن کے مطابق لگائے گئے ہیں۔ 150 سال پرانا یہ انوکھا ہوٹل ٹو (2) اسٹار کیٹیگری میں آتا ہے۔ اس کی خاصیت اور شناخت کی وجہ سے ہزاروں سیاح یہاں آتے ہیں اور پھر ان سے پوچھا جاتا ہے کہ آپ کس ملک کی ثقافت میں رہنا پسند کریں گے ، پھر سیاحوں کی ڈیمانڈ کے مطابق انہیں سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔