پاکستان نے انگلینڈ کو پانچویں ٹی ٹونٹی میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد6رنز سے شکست دے کر سیریز میں 3-2 کی برتری حاصل کرلی، انگلش ٹیم 146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 139رنز بنا سکی،معین علی نے 51 رنز کی اننگز کھیل کر میچ کو سنسنی خیز بنا یا تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے، محمد رضوان کو 63 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ بدھ کو قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے 7 میچوں کی سیریز کے پانچویں ٹی ٹونٹی میں انگلش ٹیم کے کپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیاجو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا،میزبان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19 اوورز میں 145 رنز پر آئوٹ ہوگئی،گرین شرٹس کی اننگز کا آغاز اتنا اچھا نہ رہا جب کپتان بابر اعظم12 گیندوں پر9 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، قومی ٹیم کی دوسری وکٹ 42 کے مجموعی سکور پر گری جب شان مسعود7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد قومی ٹیم کا مڈل آرڈر ایک بار پھر رنز بنانے میں ناکام رہا۔ پاکستان کے 7 بیٹرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ حیدر علی 4، افتخار احمد 15، آصف علی5 اور محمد نواز صفر پر آئوٹ ہوئے۔شاداب خان7 ، اپنا ڈیبیو میچ کھیلنے والے عامر جمال 10 رنز بناسکے۔ ایک طرف مسلسل وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا جبکہ دوسرے اینڈ پر محمد رضوان نے ذمہ داری سے بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا، وہ63 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ انگلینڈ کے فاسٹ بائولر مارک ووڈ نے 20 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ڈیوڈ ویلی اور سیم کرن نے دو دو جبکہ کرس ووکس نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ 146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنا سکی،کپتان معین علی کی 51 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز بھی انگلینڈ کو فتح سے ہمکنار نہ کرا سکی۔ ان کی اننگز میں 4 چھکے اور دو چوکے شامل ہیں۔ انگلش ٹیم نے بھی اپنی اننگز کا مایوس کن انداز میں آغاز کیا جب اس کے اوپنرز فل سالٹ 3 اور ایلکس ہیلز ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ انگلینڈ کی تیسری وکٹ 31 کے مجموعی سکور پر گری جب بین ڈکٹ 10 رنز بنا کر محمد وسیم کے ہاتھوں آئوٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے جبکہ 62 کے مجموعی سکور پر ہیری بروک 4 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد سیم کرن نے کپتان معین علی کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم کچھ دیر بعد سیم کرن 17 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ انگلینڈ کو آخری اوور میں فتح کے لئے 15 رنز درکار تھے تاہم اپنا ڈیبیو میچ کھیلنے والے نوجوان عامر جمال کی بہترین بائولنگ کی بدولت انگلش ٹیم فتح اپنے نام نہ کر سکی۔ پاکستان کے فاسٹ بائولر حارث رئوف نے دو، محمد نواز، محمد وسیم، شاداب خان، افتخار احمد اور عامر جمال نے ایک وکٹ حاصل کی۔