ویب ڈیسک: وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف خصوصی طور پر سعودی ولی عہد سے ملاقات کیلئے شاہی محل پہنچے، اس موقع پر وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، ڈاکٹر مصدق ملک، اویس خان لغاری اور عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا، دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے مکہ مکرمہ میں ہونیوالی ملاقات کے فیصلوں پر پیشرفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی وزیر خارجہ کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد اور سر مایہ کاری کے حوالے سے وفود پاکستان بھیجنے پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے شاندار میزبانی اور سعودی وزراء کی جانب سے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے جامع پروگرام ترتیب دینے پر بھی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔