نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز،25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت

نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز،25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت
پبلک نیوز: نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت مل گئی۔ این سی او سی نے پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز کے لیے 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیمز میں داخلے کی اجازت دے دی۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول تینوں ایک روزہ بین الاقوامی میچز کے لیے کُل 4500 تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کے لیے کُل 5500 تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ صرف کوویڈ 19 ویکسین کی خوراکیں مکمل کرنے والے تماشائیوں کو ہی اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا ہے کہ تماشائیوں کو کھیلوں کے کسی بھی ایونٹ کا حقیقی اثاثہ مانا جاتا ہے۔ خوشی ہے کہ این سی او سی نے پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ سیریز کے آٹھ میچز کے لیے 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی ہے۔ سیریز میں شرکت کے لیے قومی اسکواڈ 8 ستمبر کو اسلام آباد پہنچے گا۔ اسلام آباد میں ایک روزہ قرنطینہ کے بعد قومی اسکواڈ 10 ستمبر کو ٹریننگ کا آغاز کردے گا۔ نیوزی لینڈ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل تمام ارکان کو فیملیز اپنے ہمراہ لانے کی اجازت ہوگی۔ سیریز میں شامل ون ڈے انٹرنیشنل میچز کا ٹاس دوپہر 2 بجے ہوگا۔ ون ڈے انٹرنیشنل میچ کی پہلی اننگز دوپہر 2:30 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ دوسری اننگز شام 6:30 بجے سے رات 10 بجے تک جاری رہے گی۔ سیریز میں شامل ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کا ٹاس شام 6:30 بجے ہوگا۔ ٹی ٹونٹی میچ کی پہلی اننگز رات 7 سے رات 8:25 بجے تک جاری رہے گی۔ دوسری اننگز رات 8:45 بجے سے لے کر رات 10:10 بجے تک جاری رہے گی۔ مہمان ٹیم 11 ستمبر کو اسلام آباد پہنچے گی۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔