اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف اور عمران خان نے نے پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالی کے حضور سربسجود مسلمانوں کا بہیمانہ قتل قرآن کی تعلیمات کے منافی ہے، اللہ کے گھر کو نشانہ بنانا ثبوت ہے کہ حملہ آوروں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کے دفاع کا فرض نبھانے والوں کو نشانہ بنا کر خوف پیدا کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کے خلاف جنگ کرنے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے، ناحق شہریوں کا خون بہانے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم اور ادارے یکسو اور متحد ہیں، پوری قوم اپنے شہداءکو سلام عقیدت پیش کرتی ہے، خیبرپختونخوا میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال پر جامع حکمت عملی اپنائیں گے، وفاق صوبوں کی انسداد دہشت گردی کی صلاحیت بڑھانے میں تعاون کرے گا۔ چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے پولیس لائن پشاور کی مسجد میں دھماکے کی مذمت کی گئی ہے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ پولیس لائن پشاور کی مسجد میں دورانِ نماز دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، میری دعائیں اور ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کےساتھ ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ دہشتگردی کےبڑھتےہوئےخطرے سےنمٹنےکیلئےلازم ہےکہ ہم اپنی انٹیلی جنس میں بہتری لائیں، ضروری ہے کہ اپنی پولیس کو مناسب انداز میں ضروری ساز و سامان سےلیس کریں۔ خیال رہے کہ اب تک کی اطلاعت کے مطابق پولیس اہلکاروں سمیت 28 افراد شہید جبکہ 65 زخمی ہوئے ہیں ۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور تھانے کے مرکزی دروازے سے داخل ہوا،حملہ آور تین سے چار حفاظتی لائن عبور کر کے مسجد تک پہنچا ، دھماکے کےبعد تھانہ پولیس لائن کےمرکزی دروازے کو بند کر دیا گیا تھا۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پشاور کی مسجد میں دھماکہ خودکش تھا، خودکش حملہ آور نے نماز کے دوران پہلی صف میں خود کو اڑایا۔