پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ہے: شیخ رشید

پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ہے: شیخ رشید
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اگر آئی ایم ایف کا بیل آؤٹ پیکج جلد نہ آیا تو پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ تاریخ کے بدترین معاشی اور سیاسی بحران سے گزر رہے ہیں۔ زرمبادلہ کے ذخائر خطرناک حد تک کم ہو گئے ہیں۔غریب کا نہ چولہا جل رہا ہے، نہ بجلی کا بل، نہ بچوں کی فیس، غریب وینٹی لیٹر پر ہے۔ سینکڑوں فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں۔ شیخ رشید نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ سیاسی انتشار، خلفشار اور عدم استحکام پاکستان کو تباہی کی طرف لے جا رہا ہے۔ مداخلت نرم ہو، گرم ہو یا سخت، سب کو مل کر ملک بچانا ہے۔ ایک ایک دن قیمتی ہے۔ سب لوگوں کو مل کر بیٹھنا ہے، ورنہ لوگ فیصلے خود اپنے ہاتھوں میں لے لیں گے۔ مہنگائی کی شرح 38 فیصد بڑھ گئی ہے اور غریب آٹا بھی نہیں لے سکتا۔ https://twitter.com/ShkhRasheed/status/1553248744506011648?s=20&t=JCdiNyg7oqa4BJ1Ip7cEdA گذشتہ روز شیخ رشید نے اپنی ایک اور ٹویٹ میں کہا تھا کہ سٹیٹ بینک کا گورنر لگا نہیں سکے۔ آئی ایم ایف نے ابھی تک بیل آؤٹ نہیں کیا۔ ق لیگ کا نیا صدر اپنے 2 وزراء کو واپس بلائے گا۔ بی اے پی والوں نے بستر باندھ لیا ہے۔ 6 ہزار میگاواٹ بجلی کا شارٹ فال اور 6 ہزار کا دکانداروں پر اضافی ٹیکس مزید معاشی تباہی لائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن کی بجائے نئے الیکشن پر معاملات طے پا گئے ہیں۔ اکتوبر میں الیکشن کی تاریخ، نئے الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کا فیصلہ قوم جلد سن لے گی۔ قرنطینہ والے بھی الیکشن مان گئے ہیں، صرف فضل الرحمن رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ اتحادیوں کی سیاسی ساکھ راکھ بن گئی ہے۔ نہ یہ عوام میں جانے کے قابل، نہ فرار ہونے نہ باہر سے بلانے کے قابل ہیں۔ اب خلق خدا فیصلہ کرے گی۔ جمہوریت مذاق اور اسمبلی تماشا بن گئی ہے۔ بحران سری لنکا سے لبنان عراق اور اب پاکستان کی طرف آ رہا ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔