ڈیرن سیمی کے لئے ایک اور پاکستانی اعزاز

ڈیرن سیمی کے لئے ایک اور پاکستانی اعزاز
سابق ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی کو پاکستان میں کرکٹ کی بحالی میں اہم کردار ادا کرنے پر ستارہ پاکستان سے نواز دیا گیا ہے ۔انہوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہو ئے کہا ہے کہ ستارہ پاکستان سے نوازا جانا میرے لیے بہت ہی فخر کی بات ہے۔ تفصیل کے مطابق 27 مئی کو سوشل میڈیا پر ڈیرن سیمی کی طرف سے ایک مختصر ویڈیو پوسٹ کی گئی کہ جس میں انہیں شلوار قمیض میں گھر سے نکل کر کہیں جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے. اس ویڈیو کے کیپشن میں ڈیرن سیمی نے لکھا کہ اندازہ لگائیں، آج میں کیا حاصل کرنے جا رہا ہوں؟ ڈیرن سیمی نے اس تاریخی موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے سے ایک تصویر شیئر کی کہ جس میں انہیں ستارہ پاکستان سے نوازا جا رہا ہے۔ ڈیرن سیمی کو یہ اعزاز ان کے آبائی علاقے سینٹ لوشیا میں دیا گیا ہے ۔ ڈیرن سیمی نے اس موقع کو اپنے لفظوں میں بیان کرتے ہوئے لکھا کہ جی ہاں! یہ میں ہوں جسے ستارہ پاکستان سے نوازا جا رہا ہے، میرے لیے بہت ہی فخر کی بات ہے۔ ڈیرن سیمی ستارہ پاکستان کے ساتھ ملنے والے سرٹیفکیٹ کے ساتھ۔ فوٹو: فیس بک سابق ویسٹ انڈین کپتان کو کرکٹ شائقین کی طرف سے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے لیے خدمات سرانجام دینے پر سراہے جانے کے ساتھ ہی انہیں اعزاز ملنے پر مبارکباد بھی دی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اور خدمات پر حکومت پاکستان نے گذشتہ سال ڈیرن سیمی کے لیے ستارہ پاکستان کا اعلان کیا تھا. پشاور زلمی کے سابق کپتان اور کوچ ڈیرن سیمی نے پاکستان سپر لیگ میں ہمیشہ الگ انداز میں شرکت کرکے پاکستان کا سافٹ امیج دنیا میں اجاگر کیا کہ جس کی وجہ سے دیگر ممالک کے کرکٹرز نے بھی پاکستان کا رخ کیا اور ان کی ایسی خدمات پر انہیں ستارہ پاکستان سے نواز گیا ہے۔ یاد رہے کے اس سے قبل حکومتِ پاکستان نے ویسٹ انڈین کرکٹر کو پاکستان کا اعلیٰ ترین شہری ایوارڈ 2020 میں دیا اور اس کے علاوہ انھیں پاکستان کی اعزازی شہریت بھی دی گئی ہے ۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔