کراچی : وزیر خارجہ اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ یہ پنجاب اور کےپی سے استعفے نہیں دیں گے،اگر استعفے دینے ہیں تو دے دیں پیپلزپارٹی مقابلے کیلئے تیار ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے 55ویں یوم تاسیس کے موقع پر بلاول بھٹو نے نشتر پارک میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استعفوں کا اعلان بھی دھوکا ہے، یہ استعفے نہیں دیں گے، یہ پنجاب اور کےپی سے استعفے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر استعفے دینے ہیں تو دے دیں پیپلزپارٹی مقابلے کیلئے تیار ہے،ہم نے ان کو ملتان کے ضمنی الیکشن میں شکست دی ۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج کراچی کی پیپلز پارٹی نے دل جیت لیا ہے، یہاں عوام کا جوش دیکھ کر امید ہے کہ اگلا میئر بھی جیالا ہی ہوگا۔ کراچی کے لیے اپنا میئر منتخب کرانا اور شہر کے مسائل حل کرنا ہمارا حق ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نفرت کی نہیں امید کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، ہم نے ایک دو نہیں، تین آمروں کو بھگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے فیصلہ کیا تھا کہ اس سال یوم تاسیس ضلعوں میں منائیں گے، آج نشتر پارک کراچی کے شہریوں سے بھرا ہوا ہے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی ناک کے نیچے بلدیاتی انتخابات جیت چکے ہیں۔ہم نے ہر طبقے کو معاشی انصاف دلایا ہے، پیپلز پارٹی نفرت اور انتشار کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ہے، ہم تو امید اور یکجہتی پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک جنگ ہارنے کے بعد ذوالفقار علی بھٹو نے ملک سنبھالا تھا، ہاری ہوئی قوم کو امید دلائی اور اپنے پاؤں پر کھڑا کیا۔ 90 ہزار جنگی قیدی واپس لے کر آئے، 5 ہزار مربع کلومیٹر زمین شہید بھٹو کامیاب خارجہ پالیسی سے واپس لائے، آج اسی 5 ہزار مربع میٹر زمین سے کالا سونا کوئلہ نکل رہا ہے۔