اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرر رکھنے جبکہ مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 10روپے فی لیٹر کمی گئی ہے جبکہ لائٹ ڈیزل ساڑھے 7روپے فی لیٹر سستا کردیا گیا ہے۔نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ یاد رہے کہ رواں ماہ کی 15 تاریخ کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا تھا کہ 16 نومبر سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں ہی برقرار رہیں گی۔ اس سے قبل 31 اکتوبر کو بھی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔