ویب ڈیسک: عمران خان کے وکلا نے ملاقات سے روکے جانے پر تفتیشی افسر کے خلاف اے ٹی سی میں درخواست دائر کردی، عدالت نے تفتیشی افسر کو طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکلا فیصل چوہدری اور ملک فیصل ایڈووکیٹ نے ان سے ملاقات کے لیے اے ٹی سی میں نئی درخواست دائر کردی، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت نے ملاقات کے لیے تفتیشی آفیسر سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تاہم تفتیشی آفیسر نے ملاقات کرانے سے انکار کر دیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپرنٹنڈنٹ جیل کا کہنا ہے عمران خان جیل انتظامیہ نہیں پولیس کی حراست میں ہیں، وکلاء کی اپنے کلائنٹ سے ملاقات آئینی و قانونی حق ہے، تفتیشی آفیسر کو عمران خان سے ملاقات کرانے کا حکم دیا جائے۔
درخواست پر عدالت نے تھانہ نیو ٹاؤن کے تفتیشی آفیسر کو نوٹس جاری کر کے طلب کرلیا۔
فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عمران خان کی دشمن ہے آج ہماری ملاقات لازمی کرائی جائے عمران خان کی جان اور صحت پر پوری قوم کو تشویش ہے، سوشل میڈیا پر انتہائی تشویش ناک خبریں ہیں جس پر تشویش ہے،جسمانی ریمانڈ کا مطلب سزا نہیں ہے، تفتیش کے دوران ملاقات کی آئینی اجازت ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری کا تھانہ نیو ٹاؤن پولیس سے رابطہ،تھانہ نیو ٹاون پولیس نے ملاقات سے متعلق عدالتی احکامات وصول کرلئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی تھانہ نیو ٹاؤن میں درج مقدمے میں پولیس کی تحویل میں ہیں،مقدمے کے تفتیشی افسر راشد کیانی سے وکلاء کی ملاقات کیلئے سینئر افسران سے رابطہ کیا گیا۔جیل میں بانی پی ٹی آئی کے سیل کو تھانہ نیوٹاون کا حصہ قرار دیا جاچکا ہے، عمران خان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں۔
فیصل چودھری نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کیلئے کچھ نہیں بتایا جارہا۔اے ٹی سی راولپنڈی نے گزشتہ روز وکلاء ملاقات کیلئے سپرینڈنٹ جیل کو ہدایت کی تھی۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل حکام کے مطابق ملاقات کرانے کا اختیار راولپنڈی پولیس کے پاس ہے، عمران خان اڈیالہ جیل میں 2 دسمبر تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس تحویل میں ہیں۔
دوسری جانب تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے کی درخواست پر عدالت نے ڈھائی بجے تفتیشی افسر کو طلب کیا۔
فیصل چوہدری نے کہا کہ عدالت کو بتایا ہے کہ آپ اپنے احکامات پر عملدرآمد آج یقینی بنائیں۔اکتوبر میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا گیا،ان کے حوالے سے پارٹی کو سخت تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ایکسر سائز مشین واپس لے لی گئی تھی، ان سے ملاقات نہ ہونے کے باعث ہم ابھی تک نظرِ ثانی اور اپیلوں کی درخواستوں کو بھی دائر نہیں کر سکے۔
فیصل چوہدری نے یہ بھی کہا کہ پولیس حکام اور جیل انتظامیہ مسلسل ٹال مٹول کر رہے ہیں، جب بھی کوئی واقعہ ہوتا ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات بند کر دی جاتی ہے۔