دو سالہ بچے نے والدین اور بہن بھائیوں کی جان بچالی

دو سالہ بچے نے والدین اور بہن بھائیوں کی جان بچالی
ٹیکساس: (ویب ڈیسک) دو سالہ بچہ اپنی حاضر دماغی سے ناصرف اپنے والدین بلکہ بہن بھائیوں کی جان بچا کر پورے امریکا میں ہیرو بن چکا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کے رہائشی امریکی شہری ناتھن اور ان کی اہلیہ کیلا ڈہل اپنے بچوں کیساتھ سو رہے تھے کہ اچانک گھر میں آگ بھڑک اٹھی۔ صبح سویرے لگنے والی آگ کا انھیں بالکل علم نہیں ہو سکا کیونکہ دونوں کورونا کی وجہ سے سوگھنے کی حس سے عاری ہو چکے ہیں۔ آہستہ آہستہ پھیلنا شروع ہوئی اور کچن کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس موقع پر ناتھن اور کیلا ڈہل کا صرف دو سالہ بچہ اٹھا اور اس نے زور زور سے اپنی والدہ کے پائوں کو ہلانا شروع کر دیا۔ امریکی جوڑا بچے کی اس حرکت پر اٹھا تو انہوں نے دیکھا کہ آگ نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لینا شروع کر دیا ہے۔ دونوں میاں بیوی اٹھے اور اپنے بچوں کو گود میں لے کر باہر دوڑ لگا دی تاکہ ان کی جان بچا سکیں۔ ناتھن اور ان کی اہلیہ امریکی ریاست ٹیکساس کے علاقے الورڈ کے رہائشی ہیں۔ گھر کے سربراہ ناتھن نے میڈیا کو جاری اپنے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ ہمیں لگتا ہے کہ گھر میں آتشزدگی کی وجہ ہیٹر بنا جس میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی۔ انہوں نے کہا کہ برینڈن، جو کمرے میں سو رہا تھا آگ کے شعلوں کی وجہ سے جاگا اورہمارے بیڈروم میں داخل ہوتے ہوئے اپنی ماں کے پاؤں کو زور سے تھپ تھپایا جس کے بعد میری بیوی اٹھی اور دیکھا کہ گھر میں آگ لگ گئی ہے۔ آتشزدگی نے پورا گھر ملیا ملیٹ کر دیا اس واقعے کے بعد ننھا برینڈن پورے امریکا میں ہیرو بن چکا ہے۔ امریکا کے بڑے بڑے اخبار اور ٹی وی چینل جن میں دی گارجین اور سی این این وغیرہ شامل ہیں، اس واقعے کو رپورٹ کر رہے ہیں۔