راولپنڈی : آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کا سانحہ پشاور کے شہدا کو بھرپور خراج عقیدت ،سانحہ پشاور کے ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا عزم بھی کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کیجانب سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 255 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، کور کمانڈرز کانفرنس کو موجودہ اور ابھرتے ہوئے خطرات کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا، کور کمانڈرز کانفرنس کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی مفصل بریفنگ دی گئی ۔ کانفرنس میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر بھی بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس نے سانحہ پشاور کے شہدا کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس نے سانحہ پشاور کے ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا عزم بھی کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ بزدلانہ کارروائیوں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں، کسی بھی دہشت گرد تنظیم کیخلاف زیرو ٹالرنس ہے۔پائیدار امن کے حصول کے لیے نئے عزم کے ساتھ انسداد دہشتگردی کارروائیوں پر توجہ مرکوز کی جائے. آرمی چیف نے کور کمانڈرز کو ہدایت دی کہ انسداد دہشت گردی آپریشنز کے لئے انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مربوط کوششیں کی جائیں۔ کور کمانڈر کانفرنس نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور آبادی کا تناسب بدلنے کے بھارتی عزائم نوٹس بھی لیا.کورکمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بہادر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھی جائے گی.
Watch Live Public News
ایڈیٹر
احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔