(ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انٹرا پارٹی الیکشن کروانے پر اتفاق کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے جنرل باڈی میں پیش ہونے والی قرارداد منظر عام پر آ گئی، جس میں پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی الیکشن کروانے پر اتفاق کیا ہے۔
قرار داد میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات 7 دن کے اندر کروائے جائیں گے، پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات اسلام آباد ، کراچی، لاہور جیسے فیڈرل الیکشن کمیشن بتائے گااسی طرح کروائے جائیں گے۔
قرارداد کے متن کے مطابق اگر ہو سکا تو الیکشن ڈیجیٹلی بھی کروائے جا سکتے ہیں،رؤف حسن کو پی ٹی آئی کا مرکزی الیکشن کمشنر لگایا جائے گا، 31 جنوری 2024 تک پی ٹی آئی کی رابطہ ایپ پر رجسٹرڈ ممبران ہی الیکشن لڑنے اور ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے۔
قرار داد میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن انٹرا پارٹی انتخابات کی تیاریاں شروع کرے، پی ٹی آئی کے معمالات دیکھنے اور جب تک انٹرا پارٹی انتخابات کا فیصلہ نہیں آ جاتا تب تک عمر ایوب پارٹی کے چیف آرگنائزر ہوں گے، عمران خان پی ٹی آئی کے بانی ہیں اور ہمیشہ ہمارے لیڈر رہیں گے۔
قرار داد میں کہا گیا ہے کہ عمران خان ، ان کی فیملی ، پی ٹی آئی کے کارکنان اور لیڈروں کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہیں، پی ٹی آئی کی جانب سے عام انتخابات کے لئے نامزد کیے گئے امیدوار آزاد نہیں سمجھے جائیں، الیکشن کے بعد بھی یہ پی ٹی آئی کا ہی حصہ ہوں گے۔