ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے پر امن احتجاج کے لیے ن لیگی سرکار نے گلو بٹ تیار کر لیے ہیں، ہمیں کمزور نہ سمجھا جائے ورنہ ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔
اسلام آباد میں ڈی چوک پر پاکستان تحریک انصاف آج احتجاج کرنے جارہی ہے، اس حوالے سے اپنے بیان میں صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ ن لیگیوں نے جمہوریت کا جنازہ نکال دیا ہے، ن لیگ فاشزم اور جبر کی علامت بن چکی ہے، تشدد کرنے والوں کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ معلومات موصول ہو رہی ہیں کہ لیگی سرکار نے گلو بٹ تیار کر لیے ہیں، ہمارے پرامن احتجاج پر تشدد کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، گزشتہ روز بھی بدنام زمانہ پنجاب پولیس کی جانب سے فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اپنی آئینی حدود میں رہیں ورنہ ان کے خلاف قانونی طور پر آخری حد تک جائیں گے، پر امن لوگوں کو کمزور نہ سمجھا جائے ورنہ ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں، قوم بخوبی جانتے ہیں کہ پنجاب پولیس اور ن لیگ کی ڈوریں کہاں سے ہلائی جا رہی ہیں۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ہمارے پر امن احتجاج کو کچھ اور رنگ دینے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے، ہم کاغذی شیروں کو جلا کر رکھ دیں گے۔