”کم خرچ بالا نشیں“ بزدار حکومت ایک اور بازی لے گئی

”کم خرچ بالا نشیں“ بزدار حکومت ایک اور بازی لے گئی
لاہور ( پبلک نیوز) عیدالاضحی اور عید تعطیلات کے دوران صفائی کے شاندار انتظامات کے حوالے سے بزدار حکومت بازی لے گئی۔ وزیراعلیٰ آفس میں عیدالاضحی اور عید تعطیلات کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران میں حسن کارکردگی سر ٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار تھے۔ وزیر اعلی عثمان بزدارنے عیدالاضحی پر صفائی مہم میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو تعریفی سرٹیفکیٹ دیئے۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی پہلے، بہاولپور دوسرے اور سیالکوٹ تیسرے نمبر پر رہی جبکہ بلدیاتی اداروں میں گجرات پہلے اور اوکاڑہ دوسرے نمبر پررہا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نورالامین مینگل، کمشنرز بہاولپور، ملتان اورلاہور کو حسن کارکردگی کے سرٹیفکیٹ دیئے۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی سی ای او رافیعہ حیدر کو سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دیا گیا۔ سیالکوٹ اور بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای او ز خالد جاوید اور نعیم اختر کو بھی سرٹیفکیٹ ملا۔لوکل گورنمنٹ اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی ڈی جی کوثر خان اور پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ کی سیکرٹری سائرہ عمر کو بھی سرٹیفکیٹ دیا گیا۔ گجرات، اوکاڑہ اورسیالکوٹ کے ڈپٹی کمشنرز مہتاب وسیم اظہر، علی اعجاز اور طاہر فاروق کو بھی سرٹیفکیٹس دیئے گئے۔میونسپل کارپوریشنز اوکاڑہ، گجرات اور بورے والا کے چیف آفیسر ز ارحم نذیر، قمر ذیشان اور اکرم واہلہ کو تعریفی سرٹیفکیٹس دیئے گئے۔ ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن لوکل گورنمنٹ واجد علی شاہ، مینجر ایم آئی ایس لوکل گورنمنٹ نثار احمد اور سیکشن افسر(کمپنیز)اسلم ندیم اور سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹر یٹر محمد عدنان کو سر ٹیفکیٹس دیئے گئے۔ مینجر آئی ٹی عابد علی،پی ایس او سیکرٹری لوکل گورنمنٹ آصف اسد،پی ایس اوصوبائی وزیر بلدیات انجم حفیظ، سوشل میڈیا فوکل پرسن صوبائی وزیر بلدیات وقاص امجد اور پی آراو لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ ارم کو عمدہ کارکردگی پر سرٹیفکیٹس دیئے گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی پر بروقت اوربہترین صفائی کے انتظامات پر سیاسی اور انتظامی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ بہتر ین کارکردگی سے عوام کا اعتماد حاصل ہوتا ہے اور حکومت کو نیک نامی ملتی ہے۔ عوامی خدمت کرنے والے افسر وں کی بھرپور سپورٹ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن نہیں، اب ہر روز کام کر کے دکھانا ہے۔ عوام کی خدمت کریں، یہ ڈیوٹی ہی نہیں کارثواب بھی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عید الاضحی پر میری سیاسی اور انتظامی ٹیم نے کام کر کے دکھایااور تحسین پائی۔ اچھی کارکردگی پر متعلقہ افسروں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ رواں برس عیدالاضحی پر آپ سب نے اپنی محنت سے عوام کے دل جیتے۔ عوام کی خدمت میں سکون بھی ملتا ہے اور فرض کی ادائیگی بھی ہوتی ہے۔ لاہور میں صوبائی وزراء اور انتظامی ٹیم نے دن رات محنت کر کے صفائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے بھی دن رات ایک کئے رکھا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر ضلع میں جا کر دورے کے دوران صفائی اور دیگر امور کا خود جائزہ لے رہا ہوں۔ صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ میاں محمودالرشید نے کہا کہ آپ کی نگرانی میں عیدالاضحی پر سب نے بہترین کارکردگی دکھائی اور پہلی بار لاہور سمیت پنجاب کے شہروں میں صفائی کے ایسے شاندار انتظامات کئے گئے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آپ ہمارے کپتان ہیں اور آپ کی ٹیم نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔ سابق حکومت اربوں روپے لگا کر صفائی کراتی تھی جبکہ ہماری حکومت نے ماضی کی نسبت صرف ایک چوتھائی رقم سے صفائی کے بہترین انتظامات کئے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نورالامین مینگل نے بتایا کہ عیدالاضحی پر سوا دولاکھ ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں جو ایک ریکارڈ ہے۔ اچھے کام پر افسروں کی تحسین آپ کا بہترین اقدام ہے۔ صوبائی وزیر بلدیات میا ں محمود الرشید، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ طاہر خورشید، سیکرٹری بلدیات نورالامین مینگل اور متعلقہ افسران نے تقریب میں شرکت کی۔

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔