ارشد شریف قتل کیس میں اہم پیشرفت،گزشتہ سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری

ارشد شریف قتل کیس میں اہم پیشرفت،گزشتہ سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری
کیپشن: ارشد شریف قتل کیس میں اہم پیشرفت،گزشتہ سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری

ویب ڈیسک: ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فارو ق نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔

 تفصیلات کے مطابق حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ آئی جی اسلام آباد اور سپیشل جے آئی ٹی کے سربراہ عدالت میں پیش ہوئے،دونوں افسران کے مطابق کینیا حکومت سے میوچل لیگل اسسٹنس کا معاہدہ نہیں ہوا ہے۔ درخواستگزار وکیل کے مطابق ارشدشریف قتل کیس کی تحقیقات کافی عرصےسے التوا کا شکار ہے۔ وکیل کے مطابق حکومت کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کا قیام شفاف تحقیقات کا تقاضا ہے۔

حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ وکیل کے مطابق 2024میں مجموعی طور پر 7صحافیوں کا قتل ہوا، وکیل نے استدعا کی کہ صرف ارشد شریف ہی نہیں،بقیہ صحافیوں کے قتل کی تحقیقات کیلئے بھی جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔

حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایڈیشل اٹارنی جنرل کی جانب سے اپنا موقف جمع کرانے کیلئے وقت کی استدعا کی گئی ،ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو وقت دیا جاتا ہے، آئندہ سماعت پر وزارت داخلہ ، وزارت قانون کے نمائندے پیش ہوئے ، کیس کی آئندہ سماعت 6اگست کو مقرر کی جائے۔

یاد رہے کہ سینئر صحافی حامد میراوراظہر صدیق ایڈووکیٹ نے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی درخواستیں دائر کررکھی ہیں۔

Watch Live Public News