امریکا میں نئی تاریخ رقم، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فرد جرم عائد

امریکا میں نئی تاریخ رقم، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فرد جرم عائد
نیویارک: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے جس کے بعد سے وہ مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنے والے پہلے امریکی صدر بن گئے ہیں ، دوسری جانب ٹرمپ نے الزامات تسلیم کرنے سے بھی انکار کر دیا ہے اور اگلے برس پھر صدارتی الیکشن لڑنے پر بضد ہیں ۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ نیویارک میں مین ہٹن کی گرینڈ جیوری نے 2016 کی انتخابی مہم کے دوران فحش فلموں کی اداکارہ اسٹارمی ڈینیئلز کو معاملات چھپانے کے لئے رقوم کی ادائیگی کے کیس میں ڈونلڈ ٹرمپ پر فرد جرم عائد کیا تھا ، فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ جیوری کی جانب سے ووٹنگ کے بعد کیا گیا تھا ، پراسیکیوٹر آفس نے ٹرمپ کو گرفتاری کیلئے خود کو پیش کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ امریکہ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی موجودہ یا سابق صدر کو کرمنل چارجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیویارک کے ایک پراسیکیوٹر نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فرد جرم عائد کرنے کی تصدیق بھی کی ہے ۔دوسری جانب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزامات تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے ۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق کارروائی سیاسی دشمنی ہے، بائیں بازو کے ڈیموکریٹ میرے پیچھے پڑے ہوئے ہیں ، اب یہ لوگ ناقابل تصور حرکت پر اتر آئے ہیں ، بے گناہ شخص پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے ، امریکی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا ہے ، نظام انصاف کو ڈیموکریٹس نے اپنا ہتھیار بنا لیا ہے تاکہ سیاسی مخالف کو سزا دی جا سکے ۔ سابق صدر کی وکیل علینا حببا کا کہنا ہے کہ ٹرمپ امریکا کے کرپٹ نظام انصاف کا شکار ہیں ، یقینی طور پر بری ہوں گے ۔ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اگلے ہفتے خود کو جیوری کے سامنے پیش کرنے کا بھی امکان ہے ۔ری پبلکن رہنماؤں نے ٹرمپ کیخلاف کارروائی انہیں صدارتی الیکشن سے باہر رکھنے کی سیاسی سازش قرار دیا ہے ۔ خیال رہے کہ مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی کا دفتر سابق صدر کے خلاف الزامات کی تحقیقات کر رہا تھا، یہ الزامات فحش فلموں کی اداکارہ اسٹارمی ڈینیئلز کو معاملات چھپانے کے لیے رقوم کی ادائیگی سے متعلق دعوؤں کے بارے میں ہیں اور ان کا تعلق سن 2016 کے صدارتی الیکشن کے وقت سے ہے ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔