ویب ڈیسک:اب پاکستان میں چین میں چلنے والی جدید الیکٹرک گاڑیوں کی طرح کی گاڑیاں بنیں گی، اس حوالے سے چین کی پاپولر الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی BYD نے مقامی پارٹنر Mega Conglomerate Pvt کے اشتراک سے پاکستان میں گاڑیوں کی مارکیٹ میں داخلے کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چین کی الیکٹرک گاڑیوں کی کمپنی BYD نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں کاروبار شروع کر رہا ہے،اس سلسلے میں ایک معاہدے پر بی وائی ڈی ایشیا پیسیفک ڈیلر کانفرنس میں چین کے شہر ژیان میں بی وائی ڈی کے لیو زیلیانگ اور ژانگ جی، جبکہ میگا کے علی خان نے دستخط کیے۔
BYD ایشیا پیسیفک آٹو سیلز ڈویژن کے جنرل منیجر لیو زیولیانگ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد پاکستانی صارفین کے لیے جدید ترین سبز گاڑیاں متعارف کروانا اور ملک کی آٹو موٹیو انڈسٹری کی سمت تبدیل کرنا ہے۔
جبکہ پاکستانی شراکت دار کمپنی کے نمائندے علی خان نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان میں بڑے پیمانے پر الیکٹرک گاڑیوں کو اپنانے اور پائیدار نقل و حرکت کو بڑھانے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
معاہدے میں 2024 میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں تین فلیگ شپ BYD شو رومز قائم کرنے کے منصوبے شامل ہیں۔ یہ شوروم نہ صرف BYD کی جدید توانائی کی گاڑیوں کی ٹیکنالوجی کی نمائش کریں گے بلکہ صارفین کو بغیر کسی رکاوٹ کے براہ راست آرڈرز کی سہولت بھی فراہم کریں گے۔